نواز شریف کا تحریک کا اعلان اپنی طاقت سے تجاوز ہے : محمود الرشید

نواز شریف کا تحریک کا اعلان اپنی طاقت سے تجاوز ہے : محمود الرشید


لاہور:پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ تحریک انقلابی لیڈر چلاتا ہے، کرپشن کے پیسے کا دفاع تحریک نہیں ملکی سالمیت کیخلاف گھنائونی سازش ہوتی ہے، نواز شریف تحریک کا صرف سوچ سکتے ہیں، اعلان اپنی طاقت سے تجاوز ہے، عام آدمی تو دور انکی اپنی جماعت کے لوگ بھی انکے ساتھ کھڑے نہیں ہونگے۔ ایسے اعلانات محض خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔


صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے حکومت اور سابق وزیراعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ اپنے مفاد کی جنگ لڑی عوام کا مقدمہ لڑا ہوتا تو آج یہ نہ کہتے کہ مجھے کیوں نکالا؟ انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا نواز شریف نے کبھی عوام کو صاف پانی، تعلیم، صحت جیسے بنیادی حقوق کی فراہمی پر تحریک چلائی، اپنے دور اقتدار میں عوام کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھنے والے کس منہ سے تحریک چلانے کا کہہ رہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی تحریک میں دانیال، طلال، مریم اورنگزیب کے سوا کوئی نہیں ہوگا کیونکہ تحریک عوام میں مقبول لیڈر چلا سکتا ہے عوامی کے حقوق غصب کرنے، وسائل کو اپنی ذات پر خرچ کرنیوالا ایسے بیان تو داغ سکتا ہے عملی طور پر ایسا کر نہیں سکتا۔