عدلیہ کے فیصلوں نواز شریف کی رائے کی کوئی حیثیت نہیں ، فواد چوہدری

عدلیہ کے فیصلوں نواز شریف کی رائے کی کوئی حیثیت نہیں ، فواد چوہدری

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف جس دن عدلیہ کے خلاف تحریک شروع کریں گے، اسی روز پی ٹی آئی آئین کے تحفظ کی تحریک شروع کرے گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم آئینی ترمیمی بل کی مکمل حمایت کرتے ہیں، الیکشن کمیشن کو 3 ماہ کے اندر حلقہ بندیوں کا کام مکمل کرنا چاہیے۔فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف نے آج جو عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی کی اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ان کے خلاف عزیزیہ اسٹیل مل اور گلف اسٹیل مل کے کیسز آخری مراحل میں پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اگر نہاری اور پائے پر اپنی ماہرانہ رائے دیں تو ہم مان لیں گے کیونکہ یہ ان کی فیلڈ ہے لیکن اگر نواز شریف عدلیہ کے فیصلوں پر اپنی رائے دیں گے تو اس کی کوئی حیثیت نہیں ہو گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر طاہرالقادری کے مطالبے کی مکمل حمایت کرتی ہے اور وہ جو بھی لائحہ عمل طے کریں گے ہم ان کا ساتھ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر طاہرالقادری کے مطالبے کے مطابق نواز شریف، شہباز شریف اور رانا ثنائ اللہ نے استعفیٰ نہیں دیا اور جنوری میں طاہر القادری کوئی بڑا قدم اٹھاتے ہیں تو تحریک انصاف بھی ان کے ساتھ آگے بڑھ کر چلے گی۔