محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی

اسلام آباد:ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، شما لی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہے گا اور بعض مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری بھی متوقع ہے۔

پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔وفاقی دارالحکومت میں دوسرے روز بھی مطلع ابر آلود رہنے کے سبب کہر میں کمی ہوئی تاہم سردی کی شدت برقرار ہے۔

اسلام آباد کا درجہ آج صبح8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو زیادہ سے زیادہ 16 تک جا سکتا ہے۔

پنجاب کے علاقے رینالہ خورد، عارف والا، دیپالپور، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، ہالہ اور گوجرہ سے شدید دھند پڑنے کی اطلاعات وصول ہوئی ہیں۔میدانی اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، خافظ آباد، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور ڈی جی خان میں دھند کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شدید سرد رہے گا جب کہ کوئٹہ میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بعض مقامات پر ہلکی بارش اور برفبار ی ہوسکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا تاہم ابیٹ آباد، مانسہرہ، چترال، مالاکنڈ، شانگلہ، سوات، مردان اور صوابی میں مطلع ابر آلود رہے گا۔

مالاکنڈ، چترال، سوات، کالام اور شانگلہ میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری متوقع ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہا۔ سب سے زیادہ سردی گوپس میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔