بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی، ایک اور کشمیری نوجوان شہید

بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی، ایک اور کشمیری نوجوان شہید
کیپشن: بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی، ایک اور کشمیری نوجوان شہید
سورس: فائل فوٹو

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران نوجوان کو گرفتار کرنے کے بعد گولیاں مار کر شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے ضلع سری نگر کے علاقے ہروان کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا۔ سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی لی۔ خواتین کو ہراساں کیا اور بچوں کو ڈرایا دھمکایا گیا جب کہ بزرگوں پر بھی تشدد کیا گیا۔

قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا بعد ازاں نوجوان کی گولیوں سے چھلنی تشدد زدہ لاش قریبی علاقے سے ملی۔ بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوان کو عسکریت پسند ثابت کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مسلح تھا جسے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے مقابلے میں مارا۔

تاہم عینی شاہدین نے حقائق بیان کرتے ہوئے اس دعوے کی قلعی کھول دی۔ لواحقین نے علاقہ مکینوں کے ہمراہ نوجوان کی لاش سڑک پر رکھ کر بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا۔

 گزشتہ ماہ قابض بھارتی فوج نے 20 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا جن میں سے 6 کو دوران حراست بہیمانہ تشدد کرکے قتل کیا گیا تھا۔