تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی اور چوہدری پرویز الٰہی اسمبلی تحلیل کریں گے: فواد چوہدری

تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی اور چوہدری پرویز الٰہی اسمبلی تحلیل کریں گے: فواد چوہدری

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اورسابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی اور پرویز الٰہی اسمبلی تحلیل کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد اور اعتماد کے ووٹ کا مقصد الیکشن سے فرار ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ اور احسن اقبال کہہ رہے تھے کہ اسمبلی تحلیل کرو الیکشن میں جائیں گے لیکن آج جوتے چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں، مگر ہم بھاگنے نہیں دیں گے، تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی اور پرویز الٰہی اسمبلی تحلیل کریں گے جبکہ عوام کا فیصلہ ہی حتمی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 23 دسمبر بروز بدھ پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔ 
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی سپیکر واثق قیوم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی ہے۔ 
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے میاں مرغوب، خلیل طاہر سندھو، خواجہ عمران نذیر نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی جبکہ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ بھی (ن) لیگ کے ہمراہ تھے۔ 
بعد ازاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت بھی کر دی ہے اور اس مقصد کیلئے ایک مراسلے کے ذریعے بدھ شام 4 بجے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔ 
وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب کی جانب سے وزیراعلیٰ کو اعتمادکا ووٹ لینے کا کہاگیا ہے، ہم انتخابات کیلئے بھی تیار ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں اسمبلیاں مدت پوری کریں۔ 

مصنف کے بارے میں