خاتون نے کرائے کے گھر سے ہی شادی کر لی

خاتون نے کرائے کے گھر سے ہی شادی کر لی

لندن:کرائے پر دیئے گئے گھروں پر کرایہ داروں کے قابض ہو جانے کے واقعات تو سنتے آئے ہیں مگر برطانیہ میں ایک خاتون نے کرائے کے گھر پر قبضہ کرنے کے لیے ایک ایسا حربہ استعمال کر ڈالا ہے کہ سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔

برطانوی اخبار دی میٹرو کی رپورٹ کے مطابق4بچوں کی ماں 43سالہ ڈیبورا ہوگس نے لندن کے مضافاتی علاقے بیکسلے ہیتھ میں 2بیڈ روم کا ایک گھر کرائے پر لیا لیکن کچھ ہی عرصہ بعد مالکان نے گھر فروخت کرنے کے لیے پیش کر دیا اور ڈیبورا کو اسے خالی کرنے کا نوٹس دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق ڈیبورا نے گھر کو فروخت ہونے سے روکنے اور اسے خود خریدنے کے لیے چندہ جمع کرنے کی غرض سے اس گھر کے ساتھ ہی شادی کر لی تاکہ کوئی اسے اس گھر سے نکال نہ سکے اور تب تک وہ انٹرنیٹ پر چندے کے ذریعے گھر کی قیمت 4لاکھ پاﺅنڈ(تقریباً 5کروڑ 20لاکھ روپے) جمع کر سکے۔اب تک وہ صرف 4لاکھ پاﺅنڈز میں سے صرف 56پاﺅنڈ(تقریباً 7ہزار روپے) ہی جمع کر پائی ہے۔

ڈیبورا کا کہنا ہے کہ ”میں نے اس گھر سے شادی کرنے کے لیے ایک تقریب منعقد کی، خود دلہن کا لباس پہنا اور تقریب کے شرکاءکے سامنے گھر کے ساتھ شادی کی۔ لوگ مجھے پاگل کہتے ہیں تو کہتے رہیں، مجھے ان کی کوئی پروا نہیں۔میں پہلے غیرشادی شدہ تھی لیکن اب میری زندگی میں ایک شخص ہے اور وہ شخص میرا گھر ہے۔“ واضح رہے کہ ڈیبورا چندہ جمع کرنے کی ویب سائٹ Crowdfunder کے ذریعے گھر کی قیمت جمع کر رہی ہے۔