پہلا ون ڈے: نیوزی لینڈ کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 4وکٹوں سے شکست

پہلا ون ڈے: نیوزی لینڈ کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 4وکٹوں سے شکست

ہملٹن: جنوبی افریقہ نے پہلے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ کوئنٹن ڈی کوک نے 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 69 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ڈی ویلیئرز 37 اور فلکوایو 29 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔جنوبی افریقین بالر کرس موریس نے کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔کیویز کے کپتان کین ولیمسن نے 59 رنز سے نمایاں بیٹسمین رہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جلد ہی ٹام لیتھم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے لیکن کین ولیمسن اور ڈین بران لی نے 50 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 69 رنز تک پہنچا دیا۔اس موقع پر نیوزی لینڈ کی ٹیم 13 رنز کے اضافے سے تین وکٹوں سے محروم ہو گئی جس کے سبب درمیانی اوورز میں کیویز تیز رفتاری سے رنز اسکور نہ کر سکے۔کین ولیمسن 59 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ جیمز نیشام اور مچل سینٹنر کی اننگز 29 اور 17 رنز پر تمام ہوئیں اور 30 اوورز کے اختتام پر میزبان نے صرف 156 رنز بنائے تھے۔کولن ڈی گرینڈ ہوم اور ٹم سادھی نے آٹھویں وکٹ کیلئے صرف 23 گیندوں پر 51 رنز جوڑے جس میں آخری اوور میں بنائے گئے 25 رنز بھی شامل تھے۔نیوزی لینڈ نے سات وکٹ کے نقصان پر 207 رنز بنائے، سادھی نے 24 اور گرینڈ ہوم نے 34 رنز بنائے۔کرس مورس نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں لیں لیکن آخری دو اوورز میں انہیں 38 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی۔

جواب میں جنوبی افریقی اوپنرز ہاشم آملا اور کوئنٹن ڈی کوک نے اپنی ٹیم کو 88 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن آملا کی مزاحمت 35 رنز پر کین ولیمسن کے ہاتھوں تمام ہوئی۔عمدہ آغاز کے باوجود 126 رن تک پہنچتے پہنچتے آدھی جنوبی افریقی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، ڈی کوک 69، فاف ڈیو پلیسی 14، جین پال ڈومینی ایک اور فرحان بہارڈین بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔تاہم اس موقع پر جنوبی افریقی کپتان نیوزی لینڈ اور فتح کے بیچ کھڑے ہو گئے اور کرس مورس کے ساتھ اسکور کو 156 تک پہنچا دیا۔مورس کے آئوٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کی فتح مشکل نظر آتی تھی لیکن ایندائل فلکوایو نے کپتان کے ساتھ عمدہ شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک گیند قبل فتح دلا دی۔ڈی ویلیئرز 37 اور فلکوایو 29 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور یوں جنوبی افریقہ نے چار وکٹ سے فتح حاصل کر کے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ڈی کوک کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔خیال رہے کہ ہملٹن میں تین روز سے جاری بارش کے سبب میچ تین گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا اور میچ کو 34اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔