سندھ میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی

سندھ میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی

کراچی: سیہون میں لعل شہباز قلندر کے مزار پر خود کش حملوں کے بعد بھٹ شاہ کے مزار پر سیکورٹی الرٹ کردی گئی ہے، دہشت گردی اور جرائم پیشہ وارداتوں کی روک تھام کیلئے سندھ میں فوری طور پر پندرہ روز کیلئے دفعہ 144بھی نافذ کردی گئی ہے۔


حساس اداروں نے بھٹ شاہ کے مزار پر دہشتگردی کا خطرہ ظاہرکیاہے، ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھٹ شاہ کے مزار پر خودکش حملہ ہوسکتا ہے۔حساس اداروں نے رپورٹ میں اہم عمارتوں، اسکولز، اوراسپتالوں کی بھی سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی تجویز دی ہے. سندھ حکومت نے رپورٹ پر فوری ایکشن لیتے ہوئے بھٹ شاہ کے مزار پر سیکورٹی بڑھادی ہے۔جبکہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے سندھ بھرمیں 15روز کیلئے دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی ہے، جس کے بعد صوبے میں جلسے اور ریلیاں نہیں نکالی جاسکیں گی۔دوسری جانب کراچی میں سول ایوی ایشن نے بھی سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرتے ہوئے اپنی ایس او پی بنا دی ہے اورادارے نے مسافروں سمیت دیگر شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے.