طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس، وکیل کو تیاری کیلئے ایک ہفتے کی مہلت

طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس، وکیل کو تیاری کیلئے ایک ہفتے کی مہلت

اسلام آباد: جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران طلال چوہدری اپنے وکیل کامران مرتضیٰ کے ہمراہ پیش ہوئے۔ وکیل کامران مرتضیٰ نے عدالت عظمیٰ سے تیاری کے لیے وقت طلب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نوٹس کی کاپی وصول نہیں ہوئی۔

جس پر جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ کیس کی تیسری سماعت ہے یہ کیسے ممکن ہے کہ آپ کونوٹس ہی نہ ملا ہو۔ سماعت کے بعد عدالت عظمیٰ نے کامران مرتضیٰ کو تیاری کے لیے 1 ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے طلال چودھری کو بھی اپنا جواب پیر کو جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ بعدازاں کیس کی سماعت 26 فروری تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

واضح رہے کہ یکم فروری کو عدلیہ مخالف تقریر پر آرٹیکل 184 (3) کے تحت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں