سعودی سرمایہ کاری سے توانائی کی لاگت کو کم کرنے میں مدد ملے گی ، عبدالرزاق داﺅد

سعودی سرمایہ کاری سے توانائی کی لاگت کو کم کرنے میں مدد ملے گی ، عبدالرزاق داﺅد
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد : تجارت، ٹیکسٹائل، انڈسٹری ، پیداوار اور سرمایہ کاری بارے وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داو¿د نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سرمایہ کاری سے پاکستان کے پاور سیکٹر میں توانائی کی لاگت کو کم کرنے میں مدد کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ سعودی حکومت ملک میں بڑی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت خاص طور پر توانائی کے شعبے میں مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ پاکستان انرجی سیکٹر میں کم لاگتی ملک نہیں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہماری توانائی کی لاگت بہت زیادہ ہے۔ مشیر نے کہا کہ ہم اپنی لاگت کو کم کرنے کے طریقے تلاش کر رہے ہیں خواہ یہ طریقے قابل تجدید توانائی کے ذریعہ ہوں، ہوا یا شمسی توانائی کے ذریعے بجلی کی تیاری کا ہو۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ سعودی عرب کی سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان اپنی توانائی کی قیمتوں میں کمی لائے گا۔ مشیر تجارت رزاق داﺅد نے مزید کہا کہ پاکستان تحریکانصاف کی حکومت ملک میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کےلئے بہت سے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک توانائی کے شعبے میں کسی بھی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتا ہے خواہ یہ سرمایہ کاری کہیں سے بھی آئے کیونکہ توانائی کے شعبے کو اب بھی زیادہ بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ حکومت کو دوسرے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری حاصل ہونے کی امید ہے جوکہ زراعت اور خوراک کے شعبے ہیں۔

داؤد نے کہا کہ ہمارے پاس باصلاحیت پاکستانیوں کا بڑا گروپ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی مقامی سرمایہ پارٹیوں کی بھی اتنی ہی قدر کرتے ہیں جتنی کہ ہم اپنے سعودی سرمایہ کاروں کی قدر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مختلف امکانات پر غور کر رہے ہیں، جیسے کہ خلیج تعاون کونسل کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے کر نا۔مشیر تجارت عبدالرازق داؤد نے کہا کہ ملک کی معیشت آنے والے مہینوں میں بہتر ہو گی کیونکہ پاکستانی مصنوعات بیرونی مملک کو برآمد ہوں گی ۔

 انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے حویلی بہادر شاہ اور بلوکی بجلی کے پلانٹس لینے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کرنے میں پاکستانی تاجروں کو نظر انداز نہیں کرے گی۔