آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس،شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد

آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس،شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور :قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس درج ہے جس کے تحت شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔وزارت داخلہ کی ہدایت پر شہباز شریف کا نام عبوری قومی شناختی فہرست میں ڈال دیا گیا ہے۔فہرست میں شامل افراد کے 30 دن کے لیے بیرون ملک جانے پر پابندی ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ 14 فروری کو سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس میں ضمانت دے دی تھی۔جس کے بعد نیب نے شہباز شریف کو دوبارہ گرفتار کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔اس سلسلے میں گذشتہ روز نیب نے حکومت سے درخواست بھی کی کہ شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے جائیں۔

دوسری جانب قومی احتساب بیورو لاہور کی جانب سے رمضان شوگر ملز کیس میں جاری تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے ریفرنس بھی احتساب عدالت لاہور میں داخل کردیا گیا ہے۔

جس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف وسابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف وڈائریکٹر رمضان شوگر ملز حمزہ شہباز پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور حکومتی خزانے کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کرتے ہوئے مبینہ طوپر21 کروڑروپے نقصان پہنچانے کے الزام عائد کئے گئے۔


گواہوں کی گواہی کے بعد اور ٹھوس شواہد کے حصول پر نیب حکام کی جانب سے دونوں ملزمان میاں محمد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس میں تحقیقات مکمل کرتے ہوئے ریفرنس مزید کارروائی کے لیے احتساب عدالت لاہور میں داخل کر دیا گیا۔ نیب کے اقدامات دیکھ کر لگتا ہے کہ شہباز شریف بہت جلد اپنے صاحبزادے حمزہ شہباز کے ہمراہ جیل میں ہوں گے۔