بجلی، گیس سے متعلق سابق حکومتوں کے فیصلوں کا بوجھ عوام نے اٹھایا، فردوس عاشق

بجلی، گیس سے متعلق سابق حکومتوں کے فیصلوں کا بوجھ عوام نے اٹھایا، فردوس عاشق

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کے فیصلوں کے بوجھ پاکستان کے عوام نے اپنے کندھوں پر اٹھائے ہیں۔

اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاﺅن عوامی ریلیف کے لئے بڑا قدم ہے۔ قومی معیشت کو اربوں کا نقصان پہنچانے والے اسمگلروں کی سرکوبی کی جارہی ہے۔

ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کی جائے گی جس سے عوام کو مناسب قیمت پر اشیا کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔معاون خصوصی نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے وسیع پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ وزیراعظم کے قانون پر عمل داری کے پختہ عزم کااظہار ہے۔

یہ ملکی معیشت کو اربوں روپے کے نقصان سے بچانے کے لئے عملی قدم ہے۔ کھانے پینے کی چیزوں کی اسمگلنگ قیمتوں میں اضافے اور عوامی تکالیف بڑھانے کا باعث بنتی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی شفاف معیشت کی دشمن اورعوام کا استحصال ہے جس کی اجازت نہیں دیں گے۔عمران خان کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اقدامات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لائیں گے۔

وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں سے گندم کی قیمتوں میں کمی کے لئے تجاویز طلب کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کے فیصلوں کے بوجھ پاکستان کے عوام نے اپنی کندھوں پر اٹھائے۔

وزیراعظم نے پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کا روڈ میپ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کے دکھوں کا مداوا اور ان کیلئے ریلیف کی فراہمی ہمارا بنیادی نصب العین ہے۔