'اس بار مولانا فضل الرحمان نے دھرنا دیا تو وہ دھر لیے جائیں گے'

'اس بار مولانا فضل الرحمان نے دھرنا دیا تو وہ دھر لیے جائیں گے'
کیپشن: کیبنٹ کی میٹنگ اچھی تجاویزکی تیاری کے باعث تاخیر سے ہو رہی ہے، شیخ رشید۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اگر اس بار مولانا فضل الرحمان نے دھرنا دیا تو وہ دھر لیے جائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مولانا آزادی مارچ میں جو مرضی مہم چلا لیں اور کوئی مارچ پاسٹ نہیں ہوگا، ہلکی پھلکی موسیقی ہو گی مگر وزیراعظم عمران خان پانچ سال پورے کریں گے اگر مولانا نے اس بار دھرنا دیا تو دھر لیے جائیں گے۔

کابینہ اجلاس ملتوی ہونے پر انہوں نے کہا کہ کیبنٹ کی میٹنگ اچھی تجاویزکی تیاری کے باعث تاخیر سے ہو رہی ہے۔

ایک سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عدالتوں کے آگے حکومت بے بس ہوتی ہے اور نوازشریف نے واپس نہیں آنا، مریم نواز باہر نہیں جا رہیں جبکہ کابینہ میں فیصلہ ہوا تھا کہ مریم کو نہ جانے دیا جائے۔

کراچی سرکلر ریلوے سے متعلق وزیر ریلوے نے کہا کہ کے سی آر 2 ارب ڈالرز کا منصوبہ ہے اور سندھ حکومت کے سی آر کو عملی طور پر مکمل کرنا چاہتی ہے۔ وفاق اور سندھ حکومت میں فریم ورک منصوبے  پر اتفاق ہو گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کا آرڈیننس نائیک صاحب اور فروغ نسیم مل کر بنا رہے ہیں۔