مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف

سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کی زنجیر توڑ چکا جب کہ یہاں امن کا قیام ہوچکا اب خوشحالی کی باری ہے

مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف

ڈیووس: سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کی زنجیر توڑ چکا جب کہ یہاں امن کا قیام ہوچکا اب خوشحالی کی باری ہے۔مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے. پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم مسئلہ کشمیر خطے میں امن کے قیام کی راہ میں رکاوٹ ہے.پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ بلوچستان مستحکم ہو چکا ہے.

سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں پاکستانی شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق آرمی چیف راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک متحرک ملک ہے جو برے سے برے سے حالات میں آگے بڑھنے کی صلاحیت رکھتا ہے. پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا اور بے شمار قربانیاں دی ہیں. آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے پاکستان کا جھنڈا ہرطرف نظر آتا ہے اور اب پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کی زنجیر توڑ چکا ہے۔راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ بلوچستان مستحکم ہوچکا ہے اور کومبنگ آپریشن کی صورت دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے. ملک کے تمام علاقوں کے عوام نے امن کا ذائقہ چکھا ہے اور اب خوشحالی چاہتے ہیں. مجھے قوی امید ہے کہ موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ حکومت اور عوام کی مدد سے اس عزم کو مزید آگے بڑھائیں گے۔سابق آرمی چیف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے.پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم مسئلہ کشمیر خطے میں امن کے قیام کی راہ میں رکاوٹ ہے اور اس کا حل انتہائی ضروری ہے. خصوصا جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کیلئے مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو وہاں کی عوام کی امیدوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پرحل کیا جانا چاہئے۔