پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مراعات دے رہا ہے، محمد نواز شریف

پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مراعات دے رہا ہے، محمد نواز شریف

ڈیووس:  وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مراعات دے رہا ہے ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پالیسیاں نرم کر رہے ہیں، حکومت سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کے قیام کی غرض سے ایک جامع منصوبے پر عمل کررہی ہے، پاکستان نے ٹیکس استثنی، ٹیرف میں کمی سمیت پرکشش ترغیبات کی پیشکش کی ہے .

انہوں نے یہ باتڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ایک گول میز کانفرنس میں اہم کمپنیوں کے سربراہان کے گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی.وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ٹیکس استثنی ٹیرف میں کمی، بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے خدمات کی فراہمی سمیت پرکشش ترغیبات کی پیشکش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کی پیشکش کی ہے جس کے تحت سرمایہ کاروں کو ٹیکس کی چھوٹ حاصل ہوگی اور وہ پلانٹ اور مشینری کی ڈیوٹی فری درآمد کرسکیں گے، اس لئے ہم آپ کو خاص طور پر خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کی دعوت دیتے ہیں۔محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کا اقتصادی منظر نامہ گزشتہ تین سال میں مکمل طور پر تبدیل ہوچکا ہے جس کا عالمی سطح پراعتراف کیا جارہاہے۔کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران نے کہا کہ وہ پاکستان کی معیشت کے مثبت اقدامات کی تعریف کرتے ہیں انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہرکی۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی تیار مصنوعات کی دوبارہ برآمد کے لئے پاکستان کوبہترین ملک تصورکرتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اپنی ٹھوس اقتصادی پالیسیوں کے باعث سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار ملک ہے.