شمالی یورپ میں شدید طوفان، آٹھ افراد ہلاک

شمالی یورپ میں شدید طوفان، آٹھ افراد ہلاک

برلن: شمالی یورپ کے ممالک میں شدید طوفان کی زد میں ہیں جہاں تیز ہوا چلنے سے اب تک کم سے کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جرمنی اور نیدر لینڈ میں طوفان کے سبب تیز ہوا چلنے سے کئی درخت گر گئے ہیں اور مکانوں کی چھتیں اڑ گئی ہیں۔ شمالی یورپ میں 140 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔

جرمنی میں ٹرین سروس معطل ہے جبکہ نیدر لینڈ کے ہوائی اڈے پر کچھ دیر کے لیے پروازوں کی آمد و رفت بھی معطل رہی۔

تین سو سے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں اور مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایئر پورٹ پر آنے سے پہلے ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔ یہ طوفان جرمنی میں سے ہوتا ہوا آج شام تک پولینڈ پہنچے گا۔ طوفان کے سبب برطانیہ میں بھی تیز ہوائیں چلیں جس سے درخت گر گئے اور ہزاروں مکانوں کو بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی۔

محکمہ موسمیات نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں۔ سردی بڑھنے کے سبب سکول بھی بند ہیں۔ ٹویٹر پر مختلف افراد نے درخت گرنے اور ٹرک الٹنے کی تصاویر شیئر کی ہیں۔ جرمنی میں ایک ٹرانسپورٹ ویب سائٹ کے مطابق تیز ہواؤں کے سبب 17 ٹرک الٹ گئے ہیں۔ ڈچ ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس کو بجلی فراہم کرنے والی پاور لائنز پر درخت گر گئے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں