پاکستان ہم سے دشمنوں جیسا سلوک نہ کرے، اسرائیلی وزیراعظم

پاکستان ہم سے دشمنوں جیسا سلوک نہ کرے، اسرائیلی وزیراعظم

نئی دہلی: دورہ بھارت کے دوران اسرائیلی وزیراعظم بھی بھارتی زبان بولنے لگے ہیں۔ کہتے ہیں بھارت کو لائن آف کنٹرول پر ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی جن کو اقوام متحدہ دہشت گرد قرار دے چکی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے دشمن نہیں لہذا پاکستان بھی ہم سے دشمنوں جیسا سلوک نہ کرے۔

نیتن یاہو نے ممبئی میں بھارتی فلم انڈسٹری کے ستاروں سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران ان کا کہنا تھا کہ وہ بالی ووڈ سے محبت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اسرائیل میں بھی بالی ووڈ فلم انڈسٹری ہو۔ اسرائیلی وزیراعظم نے بھارتی ہم منصب کے ساتھ گجرات کا بھی دورہ کیا۔ احمد آباد میں مہاتما گاندھی کی رہائش گاہ گئے اور اپنی اہلیہ کے ساتھ آگرہ میں تاج محل جا کر تصاویر بنوائیں۔

یاد رہے کہ نیتن یاہو کے دورے کے دوران بھارت اور اسرائیل کے درمیان سائبر سیکیورٹی، سائنس اور ٹیکنالوجی، ایئر ٹرانسپورٹ، فلم پروڈکشن، تیل اور گیس، سولر تھرمل انرجی، خلائی ٹیکنالوجی اور ہومیو پیتھک ادویات سازی کے 9 معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں جب کہ آزادانہ تجارت اور اینٹی ٹینک میزائل کے معاہدوں پر بھی مذاکرات جاری ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں