میری جنگ کسی کے خلاف نہیں انصاف کے حصول کیلئے ہے، نواز شریف

میری جنگ کسی کے خلاف نہیں انصاف کے حصول کیلئے ہے، نواز شریف

لاہور: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ جو لوگ آج پارلیمنٹ کو   گالیاں دے  رہے ہیں وہ کس منہ سے اس پارلیمنٹ کے ممبر   ہیں، میری جنگ کسی کے خلاف نہیں بلکہ انصاف کے حصول کیلئے ہے، عوام2018کے انتخابات میں پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والوں کا خود احتساب کرے گی۔

جمعہ کو جاتی امراء میں محفل میلاد کا  انعقاد  کیا   گیا، نواز شریف،  ایم پی ایز   اور   بلدیاتی چیئرمین سمیت مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے محفل میلاد میں شرکت کی، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ بھی اس موقع پر شریک تھے، محفل میلاد کے بعد نواز شریف نے نماز جمعہ جاتی امراء میں ادا کی، نماز جمعہ کے بعد نواز شریف نے اپنے والد کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، نماز جمعہ کے بعد ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔

اس موقع پر نواز شریف نے کارکنوں سے گفتگو   کرتے ہوئے کہا   کہ جمہوریت کی خاطر انہوں نے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیں، ان کی جنگ صرف انصاف کیلئے ہے اور کسی کے خلاف نہیں ہے، جو لوگ آج جمہوریت اور پارلیمنٹ کے خلاف باتیں کر  رہے ہیں وہ کس منہ سے پارلیمنٹ کے ممبران ہیں، وہ پارلیمنٹ کی رکنیت چھوڑ   کیوں نہیں دیتے،عوام بہترین احتساب کرنے والے ہیں اور 2018کے انتخابات میں ایسے لوگ جو پارلیمنٹ کو گالیاں دیتے ہیں عوام خود ان کا احتساب کرے گی۔

مصنف کے بارے میں