35 سال بعد پاکستانی فلم کے ذریعے سعودی سینما گھرآباد

35 سال بعد پاکستانی فلم کے ذریعے سعودی سینما گھرآباد

جدہ : سعودی عرب میں 35سال بعد سنیما دوبارہ شروع ہونے کے اعلان کے ساتھ ہی جہاں ہالی ووڈ اور بالی ووڈ متحرک ہوئے وہیں پر پاکستان فلم انڈسٹری لالی ووڈ نے بھی قدم بڑھا دیا ہے ۔
سفارت خانہ پاکستان اور نالج کور اکیڈمی کے تعاون سے سعودی عرب میں پہلی مرتبہ پاکستانی فلم " پرچی " کی مملکت کے دارالخلافہ ریاض میں نمائش کی گئی، جس کے پرئمیر شو میں نوجوان شہزادہ عبدالعزیز کے علاوہ پرچی فلم کے پرڈیوسر عمران رضا کاظمی نے شرکت کی، اس کے علاوہ پاکستانی کیمونٹی کے سرکردہ افراد نے بھی بھرپور شرکت کی، اس موقعہ پر لوگوں نے فلم کو نا صرف پسند کیا بلکہ فلم کی کاسٹ کی پرفارمنس کو بھی خوب سراہا جبکہ فلم کے میوزک کو بھی خوب پسند کیا گیا۔
اس موقعہ پرسعودی شہزادہ عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلم بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے اور ہم چاہیں گے کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستانی فلمیں بھی سعودی عرب کے سنیما ہالوں میں نمائش کے لئے لگتی رہیں،جبکہ سفارت خانہ پاکستان کے افسران کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں 27 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں اس لحاظ سے سعودی عرب پاکستانی فلم کے لئے ایک اچھی مارکیٹ ثابت ہوگا۔فلم کے پرئمیر شو کے علاوہ مزید دو روز پاکستانی کیمونٹی فلم دیکھ پائے گی۔۔