خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 روز کی توسیع

خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 روز کی توسیع
کیپشن: عدالت نے اور نیب کو دونوں ملزمان کو 26 جنوری کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: احتساب عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 روز کی توسیع کر دی ہے.قومی احتساب بیورو کی ٹیم پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو سخت سیکیورٹی میں عدالت لائی۔

احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی تو نیب کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ بینک اکاؤنٹس سے متعلق تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

خواجہ برادران کے وکیل نے نیب کے مؤقف کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک تفتتیش میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ پیراگون سے خواجہ برادران کا کوئی تعلق نہیں لہٰذا جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔

خواجہ برادران کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ نیب کے پاس خواجہ سعد کا کوئی اکاؤنٹ نہیں جس کی تفتیش کرنی ہو۔ پیراگون سمیت جو بھی لین دین ہوئی اس کا ریکارڈ موجود ہے۔

عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد نیب کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو تھوڑی دیر بعد سناتے ہوئے نیب کی استدعا منظور کر لی۔

عدالت نے خواجہ برادران کا مزید 7 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اور نیب کو دونوں ملزمان کو 26 جنوری کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

خواجہ برادران کی آج جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے چوتھی پیشی تھی۔ گرفتاری کے بعد سے اب تک دونوں بھائی 38 دن کا جسمانی ریمانڈ کاٹ چکے ہیں۔