لاہور : پاکستان سپر لیگ سیزن فور کا آغاز 14 فروری کو ہو گا ۔اس بار لیگ میں بڑے بڑے نام شرکت کر رہے ہیں جن میں اے بی ڈویلئر بھی شامل ہیں ۔تمام ٹیمیں اس بار پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں اور ایونٹ شاندار ہونے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔ایونٹ سے پہلے تمام ٹیمیں بھرپور تیاری میں مصروف ہیں ۔ لیکن ایونٹ سے قبل لاہور قلندرز کو زور کا جھٹکا لگ گیا ہے ،حارث سہیل انجری کا شکار ہو کر ساؤتھ افریقہ کیخلاف سیریز سے تو باہر ہوئے ہی تھے اب پی ایس ایل سے بھی باہر ہو گئے ہیں ۔
حارث سہیل کا ری ہیب پروگرام نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہو گیا ہے ۔ دائیں گھٹنے کے باعث کرکٹر کو بھاگنے میں دشواری کا سامنا ہے ۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ حارث سہیل کی ایم آر آئی رپورٹ مکمل ہو گئی اور حارث سہیل کو ری ہیب کیلئے 3 سے 4 ہفتے درکار ہیں اور ڈاکٹرز نے انہیں پی ایس ایل سیزن فور نہ کھیلنے کی ہدایت بھی کر دی ہے جبکہ حارث سہیل پی ایس ایل کا سیزن کھیلنا چاہتے ہیں ۔
خیال رہے کہ پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم حارث سہیل کے ری ہیب پروگرام کی نگرانی کررہے ہیں.