تحریک انصاف کو اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ ہوئی ہے، مریم نواز

تحریک انصاف کو اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ ہوئی ہے، مریم نواز
کیپشن: تحریک انصاف کو اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ ہوئی ہے، مریم نواز
سورس: فوٹو/اسکرین گریب

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا مجھے لگ رہا ہے جیسے آج لانگ مارچ ہے اور کٹھ پتلی کان کھول کر سن لو لانگ مارچ کے روز پھر کیا عالم ہو گا۔ آج ہم الیکن کمیشن کو اس کی آئینی ذمہ داری یاد دلانے آئے ہیں کیونکہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کو چھ سال سے لٹکایا ہوا ہے کیونکہ نومبر 2014 میں فارن فنڈنگ کیس دائر ہوا تھا جبکہ نواز شریف کا کیس دنوں میں چلتا اور دنوں میں ختم ہو جاتا ہے لیکن فارن فنڈنگ کیس کی ابھی صرف 70 سماعتیں ہوئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ جس ملک میں ہم رہتے ہیں وہاں انصاف بہت ہی زیادہ مہنگا ہو گیا ہے اور آئین کی حکمرانی بھی نہیں رہی اور فارن فنڈنگ کیس پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ ہے۔ الیکشن کمیشن نے ووٹ کی عزت کرانی تھی تو کیا الیکشن کمیشن نے ووٹ کی عزت کرائی۔

مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے کیس کی کارروائی 30 بار رکوانے کی کوشش کی اگر انہوں نے چوری نہیں کی تو 30 بار مقدمہ رکوانے کی کوشش کیوں کی جبکہ اسکروٹنی کمیٹی میں جرائم کی لمبی داستان سامنے آئی اور 3 سال سے اسکروٹنی کمیٹی تحقیقات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کا دامن صاف تھا تو کارروائی خفیہ رکھنے کی کیوں درخواستیں دیں اور فارن فنڈنگ کیس میں 8 وکیل بھی بدلے گئے لیکن وکلا تبدیل کرنے کے باوجود چوری نہیں چھپی جبکہ اسٹیٹ بینک نے عمران خان کے 23 خفیہ بینک اکاؤنٹس پکڑے۔

مریم نواز نے الزام لگایا کہ تحریک انصاف کو اسرائیل اور امریکا سے پیسہ ملا اور بی جے پی کے کارکنوں نے عمران خان کے اکاونٹ میں پیسہ ڈالا۔