لاہور ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کے پی سی ون کی منظوری

لاہور ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کے پی سی ون کی منظوری

لاہور: وزیر اعلی ٰ پنجاب عثمان بزدار نے مین گلبرگ سے موٹروے ٹو ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کے پی سی ون کی منظوری دیتے ہوئے ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کی فنانسگ کا طریقہ کار طے کرنے کا حکم دے دیا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ لاہور کے شہریو ں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے۔اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل، وائس چیئرمین ایل ڈی اے نعیم الحق، وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز محمود، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن اور گورننگ باڈی کے اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں کنسلٹنٹ نے لاہور ڈویژن کے ماسٹر پلان کے اہم خد و خال کے حوالے سے بریفنگ دی، اجلاس میں  لاہور ماسٹر پلان کیلئے سپروائزری کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ماسٹر پلان کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا حکم بھی دیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے قابل قبول ماسٹر پلان پیش کیا جائے۔

اجلاس کے دوران غریب اور متوسط طبقے کیلئے حکومت کی اپنا گھر سکیم کے تحت  نیا پاکستان اپارٹمنٹس کی تعمیر کے حوالے سے ایل ڈی اے اور بینک آف پنجاب کے مابین مختلف معاہدوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے نیا پاکستان اپارٹمنٹس پراجیکٹ پر کام تیز کرنے کا بھی حکم دے دیا۔