مجھ سے استعفیٰ مانگنے والوں کو قوم نے بار بار ٹھکرایا: نواز شریف

مجھ سے استعفیٰ مانگنے والوں کو قوم نے بار بار ٹھکرایا: نواز شریف

سیالکوٹ: ایوان صنعت و تجارت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ذوالفقار بھٹو نے ہمارے کاروبار کو نیشنلائز کیا اب پھر ہم سے 44 سال کا حساب مانگا جا رہا ہے۔ منفی سیاست کی وجہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج 10 ہزار پوائنٹس نیچے گری۔

انہوں نے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا پاگل لوگوں پاکستان کا خیال کرو ٹانگیں نہ کھینچو ملک کو آگے بڑھنے دو۔ پاکستان سے محبت نہ ہوتی تو ایٹمی دھماکا نہ کرنے کے عوض کلنٹن سے 5 ارب ڈالر لے لیتا۔ نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا 2014 سے شروع ہونی والی گیم آج بھی کسی نہ کسی شکل میں جاری ہے۔ ان منفی سیاست کرنے والے لوگوں کا گریبان کون پکڑے گا۔

وزیراعظم نے کہا ہماری حکومت سے پہلے ملک اندھیروں میں ڈوب گیا تھا جو اب ہماری معاشی پالیسیوں کی وجہ سے دور ہو رہے ہیں۔ ہم نے بجلی کے منصوبوں میں قوم کے 168 ارب روپے بچائے جبکہ مخالفین بتائیں کس سرکاری منصوبے سے پیسا بنایا۔ جن لوگوں نے پاکستان کو معاشی طور پر بدحال کیا آج وہی ہم سے حساب مانگ رہے ہیں اللہ کے فضل سے پچھلے 4 سال کے دوران ہم پر کرپشن کا ایک دھبا بھی نہیں پاناما کیس میں سرخرو ہوں گے۔

انہوں نے کہا مخالفین جتنی مرضی الزام تراشی کر لیں آئندہ انتخابات میں عوام انہیں ووٹ نہیں دیں گے جبکہ مجھ سے استعفیٰ مانگنے والوں کو قوم نے بار بار ٹھکرایا ہے۔ وزیراعظم نے بتایا 1970 سے بننے والا لواری ٹنل آج تک مکمل نہیں ہو سکا تھا لیکن ہم نے آ کر اس کو مکمل کیا اور کل اس کا فتتاح کر رہا ہوں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں