حکومت نے معاشی استحکام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں مشکل فیصلے کیے، وزیراعظم

 حکومت نے معاشی استحکام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں مشکل فیصلے کیے، وزیراعظم
کیپشن: مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود کمزور طبقوں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ عمران خان آفیشل فیس بُک پیج

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے معاشی استحکام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں مشکل فیصلے کیے۔وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق نے ملاقات کی جس دوران انہوں نے وزیراعظم کو حکومتی اصلاحات کے ایجنڈے کو اجاگر کرنے کے لیے وزارت کی جانب سے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مشکل حالات میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی اور مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود کمزور طبقوں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے۔ حکومت نے معاشی استحکام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں مشکل فیصلے کیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 ماہ میں حکومت نے سماجی، معاشی و اقتصادی اور انتظامی شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائی ہیں جبکہ ماضی میں ان اصلاحات کی نظیر نہیں ملتی۔