وزیراعظم کے 15معاونین خصوصی میں سے 7دوہری شہریت کے حامل نکلے

وزیراعظم کے 15معاونین خصوصی میں سے 7دوہری شہریت کے حامل نکلے


اسلام آباد: کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم کے مشیروں اور معاونین خصوصی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں، 15معاونین خصوصی میں سے 7دوہری شہریت کے حامل نکلے، شہباز گل اور معید یوسف امریکن گرین کارڈ ہولڈر، ندیم بابر اور شہزاد سید قاسم امریکی شہریت ، ندیم افضل چن کینیڈین شہری، تانیہ ایدروس کینیڈا اور سنگا پور جبکہ زلفی بخاری برطانوی شہریت رکھتے ہیں۔ 

کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر معاونین خصوصی اور مشیران کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کردی ہیں۔ جن کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی پر سیاسی روابط شہباز گل اور معید یوسف امریکن گرین کارڈ کے حامل ہیں جبکہ معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر اور شہزاد سید قاسم امریکی رہائش کے حامل ہیں۔

معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری برطانیہ کی مستقل شہریت رکھتے ہیں جبکہ معاون خصوصی برائے ڈیجٹیل پاکستان تانیہ ایدروس کینیڈا اور سنگا پور کی شہری ہیں۔

معاون خصوصی ندیم افضل چن کے پاس کینیڈا کی شہریت ہے جبکہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی دہری شہریت نہیں ہے۔ جاری تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر کے اثاثوں کی مالیت 2 ارب 75کروڑ 28لاکھ روپے، معاون خصوصی شہزاد اکبر کے اثاثوں کی مالیت 7کروڑ 23لاکھ روپے سے زائد، معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ کے اثاثوں کی مالیت 16کروڑ 10لاکھ روپے ، عثمان ڈار 6کروڑ روپے کے مالک ہیں۔

اسی طرح معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل 11کروڑ 85لاکھ روپے کے مالک، ملک امین اسلم نے اہلیہ کے نام 50لاکھ کی سرمایہ کاری شئیرز کی مد میں کر رکھی ہے۔ معاون خصوصی ندیم افضل چن کے اثاثوں کی مالیت 3کروڑ 80لاکھ سے زائد ہے۔

معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری پاکستان میں 1300کنال اسلام آبادمیں 34کنال کے پلاٹس، لندن میں 48لاکھ 50ہزار پاﺅنڈ کی جائیداد اور 5کمپنیوں کے شئیرز کے بھی مالک ہیں جبکہ ان کی اہلیہ کے پاس 5لاکھ پاﺅنڈ کا سونا موجود ہے۔ زلفی بخاری کی اہلیہ کے پاکستان میں 24لاکھ روپے جبکہ بیرون ملک بینکوں میں 17لاکھ پاﺅنڈ موجود ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے احساس پروگرام ثانیہ نشتر 5لاکھ مالیت کے سونے اور ایک گاڑی کی مالک ہیں۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ دوہری شہریت نہیں رکھتے جبکہ ان کے اثاثوں کی مالیت 30کروڑ روپے ہے۔ شہزاد ارباب 10کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک جبکہ 57لاکھ روپے بینک اکاﺅنٹ میں موجود ہیں ۔ شہزاد سید قاسم کے پاس لاہور میں 60لاکھ مالیت کے 3پلاٹس ، گوادر میں 35لاکھ روپے کے پلاٹس، امریکہ اور یو اے ای میں تین تین جائیدادیں موجود ہیں۔

شہزاد قاسم کے پاس مختلف بینکوں میں ساڑھے 4کروڑ روپے کا بیلنس موجود ہے۔ اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان کی اسلام آباد میں 3کروڑ 71لاکھ کی جائیدادیں، ایک کروڑ 31لاکھ کی غیرمنقولہ جائیداد اور 75تولے سونا موجود ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے تما م معاونین خصوصی اور مشیران کو اپنے اور اہل خانہ کے اثاثے ظاہر کرنے کی ہدایت جاری کی تھی اور تاریخ میں پہلی بار معاونین خصوصی اور مشیران کے اثاثوں کی تفصیلات کا بینی ڈویژن کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہیں۔