کراچی میں بھارتی کورونا پھیل گیا، ہسپتالوں میں جگہ ختم، ماہرین کا ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ

کراچی میں بھارتی کورونا پھیل گیا، ہسپتالوں میں جگہ ختم، ماہرین کا ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ
سورس: فائل فوٹو

کراچی  : کراچی میں کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا ویرینٹ کے باعث بڑے سرکاری اور غیر سرکاری ہسپتالوں میں جگہ ختم ہونے لگی جس کے باعث طبی ماہرین نے شہر میں ہیلتھ ایمرجنسی کا مطالبہ کردیا۔

نیو نیوز کے مطابق کراچی کے سرکاری ہسپتالوں میں مریض بچوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔  نیپا کا انفیکشنز ڈیزز اسپتال مکمل طور پر بھر چکا ہے ۔ایکسپو سینٹر کراچی میں مزید مریضوں کے داخلے کی گنجائش نہیں۔آغا خان ہسپتال نے کورونا کے مزید مریضوں کو لینے سے منع کردیا ہے۔

 سول ہسپتال کراچی میں 48 بیڈ کے سرجیکل وارڈ کو کورونا وارڈ میں بدلا جارہا ہے۔جناح ہسپتال کراچی کے چیسٹ وارڈ کو بھی کورونا وارڈ میں بدلنے کی تیاریاں شروع کی جاچکی ہیں۔ لیاری جنرل ہسپتال میں ڈیلٹا وائرس سے متاثر بچوں کی آمد شروع ہوگئی ۔

 کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 92 فیصد سے بڑھ چکی ہے ۔ ڈاکٹروں اور طبی عملے میں بھی کورونا وائرس انفیکشن کی شرح بڑھ رہی ہے، ۔ڈیلٹا ویرینٹ کے باعث بڑے سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں میں جگہ ختم ہونے لگی ہے۔

انڈس ہسپتال کے پروفیسر عبدالباری کا کہنا ہےکہ کورونا وائرس کی صورتحال بےقابو ہو چکی ہے۔ہسپتال کا کورونا وارڈ اور ایمرجنسی مریضوں سے بھرگئے ہیں۔عوام سے ایس او پیز پر عمل کرنے اور ویکسین لگوانے کی درخواست ہے۔