امریکا میں مونکی پاکس نامی وائرس نے سر اٹھانا شروع کر دیا

امریکا میں مونکی پاکس نامی وائرس نے سر اٹھانا شروع کر دیا
کیپشن: امریکا میں مونکی پاکس نامی وائرس نے سر اٹھانا شروع کر دیا
سورس: فائل فوٹو

نیو یارک: امریکا میں پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والی وبا کورونا وائرس کے بعد مونکی پاکس نامی وائرس نے سر اٹھانا شروع کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے شہر ڈلاس کے رہائشی کو ’مونکی پاکس‘ نامی بیماری کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ڈلاس کا یہ شہری حال ہی میں نائجیریا کے شہر لیگوس سے جہاز کے ذریعے اٹلانٹا اور پھر وہاں سے ڈلاس پہنچا تھا۔

اس بیماری میں شرح اموات صرف ایک فیصد ہے جبکہ اس مرض میں نزلے جیسی علامات اور بغل کے نیچے سوجن ہوتی ہے اور چکن پاکس جیسی خارش شروع ہو جاتی ہے۔ یہ بیماری عام طور پر سانس کے ذریعے پھیلتی ہے لیکن اس خاص کیس میں محکمہ صحت کے حکام کا خیال ہے کہ مریض کے ساتھ سفر کرنے والے دیگر افراد کو زیادہ خطرہ نہیں ہے کیونکہ دوران سفر سب ہی لوگوں نے ماسک لگا رکھے تھے۔

محکمہ صحت کے اہلکاروں کے مطابق مریض کی کیفیت بہتر ہے مونکی وائرس کی وجہ سے اموات کی شرح بھی صرف ایک فیصد ہی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ بیماری چھوٹے جانوروں جیسے چوہا اور بندر سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق2003 کے بعد یہ اس انوکھی بیماری کا سامنے آنے والا پہلا کیس ہے۔