حکومت کا وزیراعظم کے بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت پلانٹ فار پنجاب ڈے منانے کا فیصلہ

PTI government, Plant for Punjab Day, Prime Minister, Imran Khan, Billion Tree Tsunami Program

لاہور: پنجاب حکومت کا وزیر اعظم عمران خان کے بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت پنجاب میں اگست کے پہلے ہفتے میں " پلانٹ فار پنجاب ڈے" منانے کا فیصلہ ۔

تفصیلات کے مطابق پلانٹ فار پنجاب ڈے پر ایک دن میں 10 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے ۔ صوب بھر میں ڈویژن ، ضلع اور یونین کونسل کی سطح پر شجرکاری کیلئے تقریبات ہونگی ۔

خیال رہے کہ فیصلہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا ۔

چیف سیکرٹری پنجاب ، جنگلات ، زراعت ، سکولز ایجوکیشن ، ہائر ایجوکیشن کے محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اس کے علاوہ بلدیات ، صحت ، کواپریٹو کے محکموں کے سیکرٹریز ، ڈی جی پی آر پنجاب اور متعلقہ افسران اور ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔

اس موقع پر ملک امین اسلم نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ اتنے وسیع پیمانے پر شجرکاری ہو رہی ہے ۔ پلانٹ فار پاکستان ڈے تمام صوبوں میں ایک فیسٹیول کی طرح منایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری میں سول سوسائٹی ، رفاعی تنظیموں اور ٹائیگر فورس کو بھی شامل کیا جائیگا ۔

سبطین خان نے کہا کہ ماحول کے تحفظ کیلئے درخت لگانا از حد ضروری ہے ۔ خدمت آپکی دہلیز پروگرام کے ہفتہ شجرکاری کے دوران تین لاکھ 80 ہزار سے زائد پودے لگائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے بلین ٹری سونامی پروگرام کی کامیابی کیلئے محکمہ جنگلات دن رات ایک کر دے ۔