بھارتی وزیر سیاحت نے سیلفی کے لئے فیس رکھ دی

بھارتی وزیر سیاحت نے سیلفی کے لئے فیس رکھ دی
سورس: file photo

اندور: وزیر سیاحت اوشا ٹھاکر نے سیلفی لینے کے خواہش مندوں سے فی کس 100 روپے فیس وصول کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اندورمیں بی جے پی سے تعلق رکھنے والی وزیراوشا ٹھاکرنے اپنے حامیوں سے کہا کہ اگر وہ ان کے ساتھ سیلفی لینے کے خواہش مند ہیں تو فی سیلفی 100 روپے ادا کریں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق مدھیا پردیش کی وزیر سیاحت نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ سیلفی لینے کے دوران بہت وقت ضائع ہوتا ہے جس کی وجہ سے بسا اوقات گھنٹوں کی تاخیر کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے اس لیے انہوں ںے فیصلہ کیا ہے کہ اب جو بھی ان کے ساتھ سیلفی لے گا وہ 100 روپے فی سیلفی قیمت ادا کرے گا۔

بھارتی ریاست مدھیا پردیش کی 55 سالہ وزیر سیاحت اوشا ٹھاکر اکثر و بیشتر اپنے متضادات بیانات کی وجہ سے میڈیا کی سرخیوں کی زینت بنتی رہتی ہیں۔

اوشا ٹھاکر ںے پارٹی کارکنان کی جانب سے پیش کیے جانے والے پھولوں کے گلدستے بھی قبول کرنے سے انکار کیا تھا اورکہا تھا کہ انہیں پھول پیش نہ کیے جائیں۔