کراچی کے شہری گھر وں کے باہر قربانی نہیں کرسکیں گے

کراچی کے شہری گھر وں کے باہر قربانی نہیں کرسکیں گے
سورس: file photo

کراچی: عید الاضحیٰ پر سندھ حکومت نے گھروں کے باہر قربانی کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے گھروں کے باہر قربانی کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے، محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

محکمہ داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس میں اضافے کے باعث شہری رہائشی علاقوں میں قربانی کی اجازت نہیں ہے، جانوروں کی قربانی کے لیے کھلے میدان کا انتخاب کیا جائے، اور جانوروں کی قربانی کرتے ہوئے مجمع اکٹھا نہ کیا جائے ۔

محکمہ داخلہ سندھ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور پولیس کو کارروائی کی ہدایت کر دی ہے، محکمے نے کہا ہے کہ نماز عید کے اجتماعات بھی کھلی جگہ میں منعقد کیے جائیں گے، اور ایک ہی مقام پر نماز عید کے ایک سے زائد اجتماعات الگ اوقات میں کیے جائیں۔ 

نوٹیفکیشن کے مطابق نماز عید کے لیے آنے والوں کو تھرمل اسکینر سےگزارا جائے، نماز کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے، اور عید کے اجتماعات میں بیمار افراد، بچوں اور بزرگ شہریوں شرکت نہ کرنے دی جائے۔

محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ عید کی نماز پڑھنے والے افراد فیس ماسک کا استعمال لازمی کریں، اور شہری نماز عید کے بعد ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے بھی گریز کریں۔