گال ٹیسٹ، سری لنکا کا پاکستان کو جیت کیلئے 342 رنز کا ہدف

گال ٹیسٹ، سری لنکا کا پاکستان کو جیت کیلئے 342 رنز کا ہدف

گال: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو جیت کیلئے 342 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکا ٹیم دوسری اننگز میں 337 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پہلی اننگز میں حاصل ہونے والی 4 رنز کی برتری کیساتھ پاکستان کو جیت کیلئے 342 رنز کا ہدف دیا۔ 
سری لنکن ٹیم نے تیسرے دن کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنائے تھے تاہم آج چوتھے روز کا کھیل شروع ہونے پر محض 8 رنز کا اضافہ ہی کر سکی۔ دنیش چندی مل نے 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 94 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مہمان ٹیم کو اچھا ہدف دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 
کوشل مینڈس اور اوشادہ فرنینڈو نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 76 اور 64 رنز بنائے جبکہ کرونارتنے 16، راجیتھا 7، میتھیوز 9، دھنانجیا دی سلوا 20، نیروشن ڈیکویلا 12، رمیشن مینڈس 22، مہیش تھیکشانا11 اور پراباتھ جے سوریا 4 رنز بنا سکے۔ 
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور یاسر شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن علی اور نسیم شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
قبل ازیں سری لنکن کرکٹ ٹیم اپنی پہلی اننگز میں دنیش چندی مل کے 76 رنز کی بدولت 222 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جس کے جواب میں قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہوئی تو ایک مرتبہ پھر کپتان بابر اعظم نے ایک یادگار اننگز کھیل کر سنچری بناتے ہوئے ٹیم کو بڑے خسارے سے بچا لیا اور قومی ٹیم 218 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی۔ 

مصنف کے بارے میں