حکومت نے بجلی تقریباً8 روپے مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں دائر کر دی

حکومت نے بجلی تقریباً8 روپے مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں دائر کر دی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو بجلی کا بنیادی ٹیرف 7 روپے 91 پیسے بڑھانے کی درخواست دیدی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے یکساں ٹیرف کیلئے نیپرا میں درخواست جمع کرا دی ہے جس پر کل سماعت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گا۔ 

وفاقی حکومت کی جانب سے دائر درخواست میں کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) سمیت تمام ڈسکوز کیلئے بجلی کا بنیادی ٹیرف بڑھانے کی تجویز ہے اور جولائی سے بجلی 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے بجلی کا بنیادی ٹیرف مرحلہ وار بڑھانے کا منصوبہ تیار کر رکھا ہے جس کے تحت اگست سے بجلی مزید 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ جبکہ اکتوبر سے بجلی کا بنیادی ٹیرف 91 پیسے فی یونٹ مزید بڑھانے کی تجویز ہے۔ 

قبل ازیں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کا بنیادی ٹیرف بڑھانے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوایا تھا جس کے بعد حکومت نے اب یکساں ٹیرف کیلئے نیپرا میں درخواست دائر کی ہے۔

مصنف کے بارے میں