چوہدری پرویز الٰہی کو آسانی سے وزیراعلیٰ پنجاب نہیں بننے دیں گے: وزیر داخلہ

چوہدری پرویز الٰہی کو آسانی سے وزیراعلیٰ پنجاب نہیں بننے دیں گے: وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ 22 جولائی کو چوہدری پرویز الٰہی کو آسانی سے وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں بننے دیں گے، اگر لیڈرشپ کی منظوری مل جائے تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 5 سے 7 ارکان ادھر ادھر ہو جانا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق را نا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی جن 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے وہ پی ٹی آئی کی تھیں جن میں سے ہم نے 5 نشستیں جیتی ہیں اور جب (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کا مقابلہ ہو گا تو ہم دو تہائی اکثریت سے جیتیں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ان نشستوں پر 2018ءکے مقابلے میں ہمارے ووٹ میں ایک لاکھ 28ہزار کا اضافہ ہوا ہے، شکست ہمارا وقتی نقصان ہے جو آئندہ انتخابات میں پورا ہوجائے گا، جن کو ابھی ٹکٹ دیا ہے عام انتخابات میں ان کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں گے۔
رانا ثناءاللہ نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 22 جولائی کو آسانی سے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب نہیں بننے دیں گے کیونکہ ان کے پیچھے جو شخص کھڑا ہے اس انسان کو جیت ہار سے کوئی سروکار نہیں، اس انسان میں جمہوریت ہے اور نہ ہی رواداری، ایسی سیاست کے جواب میں ایسا ہی جواب دینا چاہئے۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر لیڈرشپ کی طرف سے منظوری مل جائے تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 5 سے 7 ارکان ادھر ادھر ہوجانا کوئی بڑی بات نہیں بلکہ ہوسکتا ہے اس سے زیادہ لوگ ادھر ادھر ہونے کا بھی ارادہ رکھتے ہوں۔

مصنف کے بارے میں