عمران خان بھارت سے پیسے لیتے رہے ہیں، دانیال عزیز کا الزام

عمران خان بھارت سے پیسے لیتے رہے ہیں، دانیال عزیز کا الزام

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے راہنما دانیال عزیز نے الیکشن کمیشن سے باہر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا عمران خان اور ان کے وکیل کی جانب سے آج بھی کوئی جواب جمع نہیں کرایا گیا۔ عمران خان عدالتوں اور الیکشن کمیشن سے مفرور ہیں اور ملک کے تمام اداروں پر الزامات لگانے میں عمران خان نمبر ون ہیں لیکن خود کو احتساب کے لئے پیش کرنے میں ان کا جواب نہیں۔

انہوں نے کہا عمران خان ملک میں بدبختی کی علامت ہیں کیونکہ جس وزیر اعظم نواز شریف پر اس نے منی ٹریل کا الزام لگایا وہ تو اپنے آپ کو احتساب کے لئے تمام اداروں کے سامنے خود کو پیش کر رہا ہے لیکن دوسری جانب عمران خان نے نجم سیٹھی کے کیس میں 35 پنکچر کے حوالے سے 46 نوٹسز ملنے کے باوجود کوئی جواب نہیں دیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان انڈیا سے پیسے لیتے رہے ہیں انوکھے لاڈلے کو کتنی دیر بچاؤ گے۔ جمائما کی ٹوئٹ دھری رہ گئی کیونکہ عمران خان نے لکھ کر دیا منی ٹریل نہیں ہے۔ میڈیا کو بھی عمران خان کے ایسے اقدامات کا نوٹس لیتے ہوئے کوریج دینی چاہئے۔

ان کا مزید کہنا تھا خیبرپختونخوا میں عمران خان نے دو سال سے احتساب کمیشن کو تالے لگا رکھے ہیں لیکن ملک بھر میں خود کو نیلسن منڈیلا بنا کر پیش کرتا ہے۔ ابھی 2018 میں الیکشن آنے والے ہیں تو عوام کو چاہئے کہ وہ ایسے جمہوریت کے وارداتیوں کا خاتمہ کریں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں