قومی کھلاڑیوں کو وطن واپسی پر وی آئی پی پروٹوکول دینے کا فیصلہ

قومی کھلاڑیوں کو وطن واپسی پر وی آئی پی پروٹوکول دینے کا فیصلہ

کراچی :آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو وطن واپسی پر وی وی آئی پی پروٹوکول دیا جائے گا ۔  قومی کھلاڑیوں  کا سرکاری سطح استقبال بھی کیا جائے گا ۔  وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے قومی ٹیم کے کپتان کیلئے اعلان کر دیا ۔دوسری جانب  پنجاب حکومت بھی آج رات وطن واپس پہنچنے والے کھلاڑیوں کا سرکاری طور پر استقبال کرے گی ۔

 چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل جیتنے والے کپتان سرفراز احمد منگل کی صبح کراچی پہنچیں گے۔ سرفراز احمد کی آمد کے پیش نظر وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے انہیں وی آئی پی پروٹوکول فراہم کرنے کی ہدایت کردی ۔انہوں نے کہا ہے کہ ٹیم اور کپتان کو پورے اعزاز کے ساتھ گھر لے جایا جائے گا۔
آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بھی سرفراز احمد کی وطن واپسی کے موقع پر سخت سیکیورٹی اقدامات کی ہدایت کردی ہے ۔ آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کو ایئر پورٹ سے گھر تک سخت سیکیورٹی میں لے جایا جائے گا ، ان کی سیکیورٹی کے فرائض کراچی پولیس سر انجام دے گی۔
علاوہ ازیں چیمپئنز ٹرافی سکواڈ میں شامل 4 کھلاڑی بابر اعظم، احمد شہزاد، فہیم اشرف اور حسن علی پیر کی شب لاہور ایئر پورٹ پر پہنچیں گے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے چاروں کھلاڑیوں کا سرکاری طور پر استقبال کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی  کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 180 رنز سے شرمناک شکست سے دوچار کیا اور تاریخ میں پہلی بار آئی سی سی چیمپیئنزٹرافی کا ٹائٹل جیتا ہے ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں