ماسکو: سعودی عرب کی ٹیم ورلڈ کپ میں میزبان روس سے پہلا میچ 5-0 کے بدترین مارجن سے ہارنےپہلے ہی مشکلات سے دوچار ہے اور دوسرے میچ سے ایک دن قبل سعودی ٹیم ایک بدترین حادثے سے بال بال بچ گئی۔

روس میں جاری 21ویں ورلڈ کپ میں سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم کو میگا ایونٹ میں کل گروپ اے کی سب سے مضبوط ٹیم یوراگوئے سے مقابلہ ہے۔

یوراگوئے کے خلاف میچ کے لیے ٹیم جہاز کے ذریعے سینٹ پیٹربرگ سے روستوف جارہی تھی کہ دوران پرواز جہاز کے ایک انجن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

آگ لگنے کے بعد طیارے کو ہنگامی بنیادوں پر روستوف کے ڈون ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا لیکن خوش قسمتی سے حادثے میں تمام کھلاڑی اور آفیشلز محفوظ رہے اور ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو باحفاظت روستوف کے شہر میں پہنچا دیا گیا۔

ایئرلائن کا کہنا ہے کہ یہ محض ایک حادثہ تھا جو ایک ایک پرندے کی انجن میں موجودگی کی وجہ سے پیش آیا۔