کورونا سے بچاؤ کی ویکسین جلد دستیاب ہو گی، عالمی ادارہ صحت

کورونا سے بچاؤ کی ویکسین جلد دستیاب ہو گی، عالمی ادارہ صحت

جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی جلد دستیابی کی خوشخبری سنا دی۔

ڈبلیو ایچ او حکام نے کی سینیئر سائنسدان سومیا سوامناتھن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال کورونا سے بچاؤ کی ویکیسن کی دو کروڑ خوراکیں دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ 10 سے زائد ویکسین کے انسانوں پر کلینیکل ٹرائلز جاری ہیں اور آئندہ چند ماہ میں یہ ویکسین عام استعمال کے لیے دستیاب ہو گی۔اُن کا کہنا تھا کہ سال 2021 کے اختتام تک خوراکوں کی تعداد 4 کروڑ تک بڑھائی جائے گی۔ڈبلیو ایچ او حکام کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت ویکسین کی تقسیم کی پالیسی مرتب کر رہی ہے۔ جس میں ڈاکٹروں ، طبی عملے اور عمر رسیدہ افراد کو ترجیح دی جائے گی۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 4 لاکھ 56 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 85 لاکھ 78 ہزار ہو گئی ہے۔کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 45 لاکھ 30 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ دنیا بھرمیں کورونا سے متاثرہ 54 ہزار 452 افراد کی حالت تشویشناک جبکہ 34 لاکھ 79 ہزار سے زائد افراد کی حالت تسلی بخش ہے۔امریکہ میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار 600 سے بڑھ گئی ہے۔ امریکہ میں 22 لاکھ 63 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔برازیل امریکہ کے بعد 9 لاکھ سے زائد کورونا کیسز والا دوسرا ملک بن گیا ہے جہاں کورونا سے اموات کی تعداد 47 ہزار 800 سے زائد ہو گئی ہے جبکہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 83 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

روس میں کورونا سے اموات کی تعداد 7 ہزار 6 سو سے تجاوز کر گئی۔ روس میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ  61 ہزار سے بڑھ گئی۔بھارت میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہزار 6 سو سے بڑھ گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 81 ہزار سے زیادہ ہو گئی۔