کرائم رپورٹر بننا چاہتی تھی قسمت نے اداکارہ بنادیا: سدرہ نیازی

کرائم رپورٹر بننا چاہتی تھی قسمت نے اداکارہ بنادیا: سدرہ نیازی
سورس: file

کراچی (نیو نیوز) قیامت اور چپکے چپکے جیسے ڈراموں میں شاندار اداکاری کرنے والی اداکارہ سدرہ نیازی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اداکاری سے قبل صحافت میں تھیں اور وہ نامور کرائم رپورٹر بننا چاہتی تھیں مگر اداکاری میں آ گئیں۔

نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے سدرہ نیازی نے  بتایا کہ انہوں نے صحافت میں تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور انہوں نے بطور صحافی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

اداکارہ کے مطابق وہ لاہور میں کسی نیوز چینل میں کرائم رپورٹنگ کرتی تھیں اور ان کی شروع سے ہی خواہش تھی کہ وہ صحافت میں ہی رہیں۔

سدرہ نیازی نے بتایا کہ جب انہوں نے ایک سے دوسرے نیوز چینل میں جانا چاہا تو انہیں نیوز کاسٹنگ کی پیش کش کی گئی مگر انہوں نے انکار کردیا، کیوں کہ انہیں ہر وقت اسکرین پر آنے کا شوق نہیں تھا۔

اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ صحافتی کیریئر کے دوران ہی ان کی ملاقات ہم ٹی وی کی مالک و ڈراما ڈائریکٹر سلطانہ صدیقی سے ہوئی، جن سے انہوں نے اسکرپٹ پر کام کرنے سے متعلق تجویز مانگی تو سلطانہ صدیقی نے انہیں اسکرین پر آنے کا مشورہ دیا۔

سدرہ نیازی کا کہنا تھا کہ صحافت اور رپورٹنگ کرتے کرتے وہ پہلے ماڈلنگ کی دنیا میں داخل ہوئیں، پھر انہوں نے ایک جاننے والے ڈائریکٹر کی ٹیلی فلم ’لال‘ میں کام کیا، جس کے بعد وہ فل ٹائم اداکارہ ہی بن گئیں۔