افغانستان میں امن کی ذمہ داری صرف پاکستان پر نہیں ڈالی جاسکتی ، شاہ محمودقریشی

افغانستان میں امن کی ذمہ داری صرف پاکستان پر نہیں ڈالی جاسکتی ، شاہ محمودقریشی
سورس: file photo

اسلام آباد، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد خطے میں قیام امن کی تمام تر ذمہ داری کا بوجھ اکیلے پاکستان کے کندھوں پر نہیں ڈالا جاسکتا۔

ترک میڈیا کو انٹرویو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحال پچیدہ ہے اور اس وقت افغانستان کے اندر طاقت کے حصول کے لیے رسہ کشی جاری ہے۔ 

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد خطے میں قیام امن کی تمام تر ذمہ داری کا بوجھ اکیلے پاکستان پر نہیں ڈالا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن کے لیے دیگر عالمی طاقتوں کا کردار بھی شامل ہے، افغانستان اور خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان ایک شراکت دار ہے اور تمام شراکت داروں کو باہمی تعاون سے ملکر یہ ذمہ داری نبھانا ہو گی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر جیسے ایشو جنوبی ایشیا میں معاشی ترقی اور استحکام کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، بین الاقوامی برادری کو اس طرف بھی فوری توجہ دینی چاہیے۔