وزیر اعظم کی نومنتخب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو جیت پر مبارکباد

Ebrahim Raisi New President, Iran Pakistan, PMIK, Imran Khan,

اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان نے نومنتخب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو 13 ویں صدارتی انتخاب میں کامیابی پر ٹوئٹ کر کے مبارکباد پیش کی ،اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی اور خطے میں امن واستحکام کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ۔

وزیر اعظم عمران خان نے  ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ایران کے صدراتی انتخابات میں ابراہیم رئیسی کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات میں تاریخی فتح سمیٹنے پر میں عزت مآب برادر ابراہیم رئیسی کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں،دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات میں مزید پختگی، علاقائی امن، ترقی اور خوشحالی کے حصول کیلئے میں ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہوں۔

واضح رہے ایران کے صدارتی انتخاب کے سرکاری نتائج کا اعلان ہونے میں قدرے تاخیر ہے لیکن غیرسرکاری نتائج کے مطابق صدارتی امیدوار ابراہیم رئیسی نے دیگر تین امیدواروں کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدارتی انتخاب کے دیگر تینوں امیدواروں نے ابراہیم رئیسی کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد بھی پیش کردی ہے، سبکدوش ہونے والے اعتدال پسند صدر حسن روحانی نے ابراہیم رئیسی کا نام لیے بغیر کہا کہ میں لوگوں کو ان کی پسند پر مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میری سرکاری مبارکباد پر مبنی پیغام بعد میں جاری کرے گی لیکن ہم جانتے ہیں کہ اس انتخاب میں کس کو کافی ووٹ ملے اور آج عوام نے کس کو منتخب کیا۔