سی ٹی ڈی اور پاکستان رینجرز کی کراچی میں مشترکہ کارروائی، ٹی ٹی پی کا مطلوب دہشت گرد گرفتار

سی ٹی ڈی اور پاکستان رینجرز کی کراچی میں مشترکہ کارروائی، ٹی ٹی پی کا مطلوب دہشت گرد گرفتار

کراچی: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پاکستان رینجرز کی مشترکہ خصوصی ٹیم نے شہر قائد میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی ضلع غربی میں تھانہ سائٹ اے کی حدود میں نورس چورنگی کے قریب مخبر کی اطلاع پر کی گئی جس دوران ٹی ٹی پی کے مطلوب دہشت گرد محمد الیاس ولد خیال محمد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم سی ٹی ڈی کی ریڈ بک کے صفحہ نمبر 51 پر انتہائی مطلوب تھا جو ملزم قاری شاکر اللہ کا قریبی ساتھی ہے جبکہ مذکورہ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کیلئے سعودی عرب میں روپوشی بھی اختیار کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے 2012ءمیں ٹی ٹی پی کے خلیفہ منصور گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی اور 2013ءمیں شیر احمد خان نامی شخص کو سائٹ اے کی حدود میں قتل کیا تھا۔ 
ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے گرفتار ملزم سے دیگر مقدمات میں بھی تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ اس کے حوالے سے متعلقہ تھانوں سے تصدیق بھی کی جا رہی ہے۔

مصنف کے بارے میں