ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمن چانسلر سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمن چانسلر سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا

واشنگٹن: غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر اینجلا مرکل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے وائیٹ ہاؤس پہنچیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان قریبا 30 منٹ تک دو طرفہ مذاکرات، تجارت، نیٹو اتحاد سے متعلق معاملات سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے میڈیا سے بھی تفصیلی بات کی اور اس دوران اینجلا مرکل اور ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک دوسرے سے ہاتھ بھی ملایا۔ بعد ازاں دونوں رہنما وائیٹ ہاؤس میں موجود ’اوول آفس‘ پہنچے جہاں پہلے سے ہی میڈیا موجود تھا۔

اوول آفس میں بظاہر ڈونلڈ ٹرمپ نے اینجلا مرکل سے مصافحہ کرنے سے انکار کر دیا یا اسے غیر اہم سمجھا۔ امریکی صدر نے جرمن چانسلر سے اوول آفس میں ہاتھ بھی نہیں ملایا۔ امریکی میڈیا میں چلنے والی وڈیوز میں دونوں رہنماؤں کو ایک دوسرے کے قریب بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ وڈیو میں ایک سے زائد مرتبہ اینجلا مرکل امریکی صدر سے بات کرنے کی کوشش کرتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں مگر ڈونلڈ ٹرمپ ان کی اس کوشش کو اہمیت نہیں دیتے۔

امریکی میڈیا میں چھپنے والی خبروں کے مطابق اینجلا مرکل نے بظاہر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہاتھ ملانے کے لیے بھی کہا مگر انہوں نے انکار کر دیا۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے مشترکہ پریس کانفرنس میں بظاہر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اینجلا مرکل میں کئی باتوں پر اتفاق رائے دکھائی نہیں دیا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نارتھ ائٹلانٹک ٹریٹی آرگنائیزیشن (نیٹو) سمیت یورپی رہنماؤں اور عہدیداروں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ اینجلا مرکل اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مہاجرین کے معاملے سے لے کر آزاد تجارت پر بھی اتفاق دیکھنے میں نہیں آیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بحر اوقیانوس کے آر پار آزاد تجارت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ آزاد کاروباری شخص ہیں۔

آزاد اور شفاف تجارت پر یقین رکھتے ہیں۔ امریکی صدر کا آزاد تجارت کے حوالے سے تمام یورپی ممالک سے انفرادی معاہدوں کے تحت کاروبار کی جانب اشارہ تھا جسے جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے مسترد کر دیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں