ن لیگ میں اختلاف رائے کی آزادی ختم ہو چکی ہے: چودھری نثار

ن لیگ میں اختلاف رائے کی آزادی ختم ہو چکی ہے: چودھری نثار

اسلام آباد: سابق وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ن لیگ میں اختلاف رائے کی آزادی ختم ہو چکی ہے، عزت ملنے تک حالات ٹھیک رہے۔ نواز شریف سے کہا تھا کہ جس کے ساتھ 30 سال کا تعلق ہو بگاڑنے میں بھی 30 سال لگانا۔

ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میرا پہلے دن سے موقف ہے کہ سپریم کورٹ سے تصادم کی پالیسی نہیں اختیار کرنی چاہیے۔ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو عدالتی فیصلے پر تحفظات ہیں تو قانونی راستہ اپنائیں۔ ان کے کان پکا دیئے گئے ہیں کہ آپ جیل جائیں گے تو ہمدردی کا تاثر ملے گا لیکن میرا خیال ہے نواز شریف جیل گئے تو پارٹی کو نقصان ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد ہونا چاہیے، عدالتِ عالیہ کا غلط فیصلہ ہے تو اس کے ذمہ دار ہم ہیں، ہم خود کیس کو سپریم کورٹ لائے۔ واحد شخص ہوں جس نے اختلاف کیا کہ کیس کو سپریم کورٹ نہیں لے کر جانا چاہیے۔ نواز شریف نے چند لوگوں کے جھرمٹ میں فیصلہ کیا کہ کیس سپریم کورٹ میں لے کر جانا چاہیے۔

سابق صدر پرویز مشرف کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریری فیصلے کے بعد پرویز مشرف کو جانے کی اجازت دی گئی۔ پرویز مشرف ڈھائی سال ای سی ایل میں رہے لیکن جو تنقید کرتے ہیں، انھوں نے ان کا نام ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالا؟ ٹرائل کورٹ نے کہا کہ مشرف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے، ہائیکورٹ نے بھی ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا، اس کے بعد 15 دن کے اندر ہم نے سپریم کورٹ میں اپیل کر دی لیکن وہاں سے بھی ہماری اپیل مسترد کر دی گئی یعنی فیصلہ برقرار رکھا گیا۔

چوہدری نثار نے واضح کہا کہ اگر مریم نواز پارٹی لیڈر ہوئیں تو میں حصہ نہیں بنوں گا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کیسے فلیٹ لے سکتی ہیں، یہ وہ ہی جواب دے سکتی ہیں، میں نے کرپشن اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھی، جماعتوں میں کسی سے نہیں پوچھا جاتا کہ پیسہ کہاں سے آیا، یہ کام اداروں کا ہے، سپریم کورٹ نواز شریف سے پوچھ رہی ہے اور وہ جواب دے رہے ہیں۔