عثمان بزدار نے تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ واپس لے لیا

عثمان بزدار نے تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ واپس لے لیا
کیپشن: سادگی کے وژن پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے گا، عثمان بزدار۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ پی آئی ڈی

اسلام آباد: تنخواہیں اور مراعات میں اضافے کا فیصلہ کرنے والے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے وزیر اعظم آفس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں انہوں نے وضاحت دی کہ یہ پورے ہاؤس کا فیصلہ تھا۔ اس میں ان کی کوئی ذاتی خواہش شامل نہیں اور اپنی تنخواہ اور مراعات میں اضافہ واپس کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سمیت حکومت کے تمام ادارے کفایت شعاری اور سادگی کی مہم پر عمل پیرا ہیں لہٰذا آپ کو بھی اس پر مکمل عمل کرنا چاہیئے۔

ذرائع کے مطابق عثمان بزدار نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ کے کفایت شعاری اور سادگی کے وژن سے مکمل متفق ہوں اور اس پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے گا۔

گزشتہ دنوں پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ، وزراء اور ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل منظور کیا گیا تھا جس پر وزیر اعظم عمران خان نے نہ صرف نوٹس لیا تھا بلکہ ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے عثمان بزدار کو اسلام آباد طلب بھی کیا تھا۔