پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 304 ہو گئی

پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 304 ہو گئی
کیپشن: پاکستان میں جان لیوا کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے دوسرے مریض کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے جب کہ ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 304 ہو گئی ہے جس میں سے 4 صحت یاب ہو کر گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

پاکستان میں جان لیوا کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے اوراب یہ تعداد بڑھ کر 304  ہو گئی ہے جس میں سے 4 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

وزیرصحت خیبرپختونخوا تیمور جھگڑا نے کورونا وائرس سے 2 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ مردان میں 50 سالہ شخص جب کہ پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 36 سالہ مریض نے دم توڑ دیا، 50 سالہ شخص ایک ہفتے پہلے سعودی عرب سے آیا تھا اور وینٹی لیٹر پر زیرعلاج تھا جب کہ 36 سالہ مریض ہنگو کا رہائشی تھا۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے 2 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں، ملک بھر میں آج کورونا کے 70 کیس رپورٹ ہوئے جب کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد307 ہوگئی ہے، سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 208، پنجاب میں 33، خیبر پختونخوا میں 19، بلوچستان میں 23، اسلام آباد میں 8 اور گلگت بلتستان میں 15 ہے جب کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا ایک مریض سامنے آ گیا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے ریاست میں کورونا مریض کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تفتان کے ذریعے ایران سے آئے ایک شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔