پی ایس ایل کے کھلاڑیوں سمیت تمام افراد کے ٹیسٹ کے نتائج آ گئے ، پی سی بی نے اعلان کر دیا

پی ایس ایل کے کھلاڑیوں سمیت تمام افراد کے ٹیسٹ کے نتائج آ گئے ، پی سی بی نے اعلان کر دیا

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کر دی ہے کہ پی ایس ایل میں شامل تمام کھلاڑیوں سمیت آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج منفی آ ئے ہیں اور کوئی بھی وائرس سے متاثر نہیں ہواہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کر دہ پریس ریلیز میں بتایا گیاہے کہ پی ایس ایل میں شامل کھلاڑی ،سپورٹ سٹاف ، میچ آفیشلز ، براڈ کاسٹرز اور ٹیم مالکان سمیت 128 افراد کے کورونا ٹیسٹ کروائے گئے تھے جن کے نتائج منفی آئے ہیں اور کوئی بھی شخص کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہواہے۔

علاوہ ازیں ملتان سلطانز کی جانب سے 16 مارچ بروز پیر کو کروائے گئے کورونا وائرس کے تمام 17 ٹیسٹ کے نتائج بھی منفی آئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہناتھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ساکھ کیلئے ضروری تھا کہ ایونٹ کے اختتامی مرحلے تک شرکت کرنے والے کھلاڑیوں ، سپورٹس سٹاف اراکین ، میچ آفیشلز ، براڈ کاسٹرز اور ٹیم مالکان کے ٹیسٹ منفی آتے۔

انہوں نے کہا کہ اس پس منظر میں پاکستان کرکٹ بورڈ اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہاہے کہ تمام کھلاڑی اور میچ آفیشلز محفوظ اور تندرست ہیں اور وہ بغیر کسی خدشے کے ایک بار پھر سے اپنے اہل خانہ کا حصہ بن گئے ہیں۔

وسیم خان کا کہناتھا کہ پی سی بی اپنے ملازمین کے مکمل تحفظ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتا رہے گا، انہوں نے کہا کہ وہ تمام مداحوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ احتیاط برتیں اور معاشرے کے دیگر افراد کی بہبود کا بھی خیال رکھیں۔

ان کا کہناتھا کہ ہم حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اس وباءسے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔