بھارت مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس سے متعلق تفصیلات فراہم کرے، پاکستان

بھارت مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس سے متعلق تفصیلات فراہم کرے، پاکستان

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر شدید تشویش ہے اس لئے بھارتی حکومت مقبوضہ وادی میں کرونا وائرس کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرے۔

دفتر خارجہ اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر شدید تشویش ہے ، بھارت پر زور دیتے ہیں کہ کرونا پھیلاؤ کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ختم کرے اور ضروری سپلائی یقینی بنائے۔ترجمان نے کہا کہ وزارتِ خارجہ نے کورونا کی روک تھام کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں واک ان قونصلر سروسز بند کر دی گئی ہیں وزارتِ خارجہ میں خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے جو دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں سے رابطے میں ہے جبکہ دفتر خارجہ میں چوبیس گھنٹے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے۔ دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں نے اپنی کمیونٹی کی راہنمائی کیلئے فوکل پرسن مقرر کر دئیے ہیں، شہریوں کی بہتری کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تمام شہریوں سے کہا ہے کہ حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں جبکہ میڈیا کا اس حوالے سے اہم کردار ہے۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ صدرِ مملکت نے چین کا دورہ کیا اور ان کے دورۂ چین کے دوران دو اہم معاہدوں پر دستخط کئے گئے، دونوں ملکوں کی قیادت نے باہمی تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔