کرونا سے خوف نہیں صرف احتیاط ،انشااللہ جنگ جیتیں گے :وزیر اعظم

کرونا سے خوف نہیں صرف احتیاط ،انشااللہ جنگ جیتیں گے :وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا سے خوف کی نہیں صرف احتیاط کی ضرورت ہے، انشا اللہ پاکستان کرونا وائرس کے خلاف جنگ جیتے گا،چین کی کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے معاونت کو فراموش نہیں کر سکتے، پاکستانی بطور قوم متحد ہو کر وائرس کو شکست دیں گے۔

جمعرات کو وزیراعظم سے سابق وزیر قانون بابر اعوان نے ملاقات کی ہے جس میں کرونا وائرس اور اس پر قابو پانے کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کورونا وائرس پر کنٹرول کے حوالے سے چین کا تعاون قابل ستائش ہے، چین کی کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے معاونت کو فراموش نہیں کر سکتے، پاکستانی بطور قوم متحد ہو کر وائرس کو شکست دیں گے۔

وائرس کے اثرات کے تناظر میں عالمی اداروں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے، کرونا کے حوالے سے تمام اقدامات کی خود نگرانی کر رہا ہوں، عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے تمام وسائل کو برے کار لایا جائے گا۔بابر اعوان کا کہنا تھا قوم کوعمران خان کی قیادت پر فخر ہے، بر وقت حکومتی اقدامات قابل ستائش ہیں۔

کرونا کے حوالے سے وزیراعظم کا قائدانہ کردار قابل تعریف ہے، وزیراعظم ہر مشکل وقت میں قوم کی توقعات پر پورا اترے، عام آدمی کی فلاح و بہبود کے حوالے سے حکومتی کوششیں قابل تعریف ہیں۔