ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی

اسلام آباد : ایئر چیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو نے پاک فضائیہ کے نئے سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔

پاک فضائیہ کی کمان تبدیلی کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس میں پاک فضائیہ کے سبکدوش ہونے والے سربراہ مجاہد انور خان نے ذمہ داریاں ظہیر احمد بابر کے حوالے کیں۔ جے ایف 17 تھنڈرطیاروں نے سبکدوش ہونے والے ایئرچیف مارشل مجاہد انورخان کوسلامی بھی دی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ مجاہد انور خان نے کہا کہ ہر شعبہ میں تعاون پر اپنے اسٹاف کاشکرگزارہوں۔ ائیر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو  کو  پاک فضائیہ  کی قیادت سنبھالنے  پر مبارکباد دیتاہوں۔ ائیر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے۔ پاک فضائیہ ہرچیلنج کے مقابلے کےلیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پاک فضائیہ کے ہرسپاہی کوپیشہ ورانہ صلاحیتوں پرخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ کورونا کے باوجود ہم نے دفاعی  مشقیں جاری رکھیں۔ قوم کے تعاون سے ملکی دفاع ناقابل تسخیرہے۔

مجاہد انور خان نے مزید کہا کہ ہم ہرقیمت پر  دشمن    کے عزائم  ناکام بنائیں گے۔ 40 سال پاک فضائیہ میں خدمات انجام دینا اعزاز کی بات ہے۔  آج  پاک فضائیہ  کی  کمانڈ نئے سربراہ  کو سونپ رہاہوں۔

ایئر چیف مارشل ‏ظہیر احمد بابر نے1986میں بطور فائٹر پائلٹ پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی۔ ‏ظہیر احمد بابر فائٹر اسکواڈرن آپریشنل ایئربیس اور ریجنل ایئر کمانڈ کرچکے ہیں۔‏ظہیر احمد بابر ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف ایڈمنسٹریشن کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

ظہیر احمد بابر پاک فضائیہ کے 23 ویں سربراہ ہیں۔ سبکدوش ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے 18 مارچ 2018 کو عہدہ سنبھالا تھا۔ پاک فضائیہ کے پہلے سربراہ ایئروائس مارشل الن پیری کینی تھے ۔ ان کے بعد عہدہ ایئر وائس مارشل ریکارڈ ایچرلی نے سنبھالا۔ ایئر وائس مارشل لیسلی ولیم کینن تیسرے سربراہ بنے۔ ایئروائس مارشل ارتھر مکڈونلڈ پاک فضائیہ کے چوتھے سربراہ تھے۔

چار برطانوی سربراہوں کے بعد 1957 میں پاک فضائیہ کا سربراہ ایئر مارشل اصغر خان کو بنایا گیا۔ اصغر خان پاک فضائیہ کے پہلے پاکستانی سربراہ تھے۔ ایئر مارشل نور خان 1965 میں دوسرے سربراہ بنے۔ ایئرمارشل عبدالرحیم خان یکم ستمبر 1969  کو تیسرے سربراہ بنے۔

مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے بعد ایئرمارشل ظفر احمد چودھری پہلے پاک فضائیہ کے سربراہ بنے۔ ایئرچیف مارشل ذوالفقار علی خان نے 1974 میں نویں سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں۔ ایئرچیف مارشل انور شمیم  1978 میں پاک فضائیہ کے دسویں سربراہ بنے۔ 

ایئرچیف مارشل جمال احمد خان 1985 ء میں گیارہویں ، ایئر چیف مارشل حکیم اللہ خان 1988ء میں بارہویں ، ایئرچیف مارشل فاروق فیروز خان 1991 ء میں تیرہویں اور ایئرچیف مارشل ایم عباس خٹک 1994 ء میں  پاک فضائیہ کے چودھویں سربراہ بنے۔  

انیس سو ستانوے میں ایئر چیف مارشل پرویز مہدی قریشی نے 15 ویں ایئرچیف کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ ایئر چیف مارشل مصحف علی میر 16 ویں سربراہ بنیں۔ ایئر چیف مارشل کلیم سعادت 2003 میں 17 ویں سربراہ بنے۔ ایئرچیف مارشل تنویر محمود احمد نے 2006ء میں 18 ویں ایئر چیف کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

تنویر محمد احمد کے بعد ایئر چیف مارشل راؤ قمر سلیمان  2009 میں 19 ویں سربراہ بنے۔ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ 2012ء میں 20 ویں ایئر چیف بنے۔ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے 2015ء میں 21 ویں سربراہ پاک فضائیہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔  سبکدوش  ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان 22 ویں ایئر چیف تھے۔